
کوئٹہ19نومبر۔صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان پائیدار ترقی کے اہد اف کے حصول کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔اس سلسلے میں صوبے بھر میں غربت میں کمی لانے تعلیم اور صحت کے بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور تمام شعبوں میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہو ٹل میں منعقدہ ایس ڈی جیز کے حصول کے لئے پارلیمنٹیرین سول سوسائٹی اور اکیڈمیا کے کردار پر فورم سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔فورم کا انعقاد یواین ڈی پی بلوچستان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک اور پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ نے کیا تھا۔فورم میں ایس ڈی جیز ٹاسک فورس کے کنوینر ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسی خیل اراکین اسمبلی مہ جبین شیران نصراللہ زیرے زینت شاھوانی بشری رند قادر نائل کے علاوہ حکومتی شخصیات سول سوسائٹی کے رہنماء اکیڈمیاحکام اور دیگر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔میر ظہور بلیدی اور سردار بابر خان موسی خیل نے کہا کہ حکومت ایس ڈی جیز کے تمام مقاصد کی تکمیل کے لئے خلوص دل سے کام کررہی ہے اور ہم بلوچستان کی ضروریات کو پورا کرنے اور لوگوں کی معیار زندگی میں بہتری لانے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈی جیز کے اہداف کے حصول کے لئے یواین ڈی پی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں اور حکومت سول سوسائٹی کے ساتھ ملکر صوبے کی خوشحالی اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے کام کرنے کی خواہش مندہے۔اس موقع پر یواین ڈی پی بلوچستان کے سربراہ ذوالفقار درانی نے کہا کہ یواین ڈی پی پائیدار ترقی کے اہد اف کے حصول کے لئے حکومت بلوچستان کے ساتھ ملکر کام کریگی بلکہ ہم حکو متی اداروں کی استعداد کار کو بڑھانے اور نوجو انوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں ۔ بی ڈی این کے چئیرمین امجد رشید نے کہا کہ یواین ڈی پی کے ساتھ ملکر اس فورم کے انعقاد کامقصد حکومت سول سوسائٹی اور اکیڈمیا کو پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول کے لئے متحرک کرنا تھا۔فورم سے ایس ڈی جیز یونٹ پی اینڈ ڈی کے چیف اور بلوچستان یونیورسٹی کی پروفیسر فائزہ میر نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے آخر میں کوئٹہ آن لائن کے ضیاء خان بلوچستان یونیورسٹی کے ڈاکٹر ظہور بازئی۔ایس بی کے وومن یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر نیلوفر جمیل اور نیشنل کراٹے پلئیر مس نازگل کو ایس ڈی جیز ایڈووکیٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔



