
کوئٹہ19نومبر۔چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر نے کہا کہ لائیو اسٹاک کا شعبہ صوبے میں اہمیت کا حامل ہے اس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ملکی پیداوار کو بڑھایا جاسکے جس سے ملک معاشی طور پر مستحکم ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان لائیو اسٹاک ایکسپو کے دوسرے دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ان صوبائی مشیر برائے لائیوسٹاک مٹھا خان کاکڑ، ڈپٹی گورنر سیستان بلوچستان اور دیگر اعلی حکام موجود تھے چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ لائیو اسٹاک کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے لیے روشن امکانات موجود ہیں اور ایکسپو کے انعقاد سے سرمایہ کار متوجہ ہوں گے۔جبکہ ایکسپو کو منعقد کرنے کا بنیادی مقصد سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دور دراز علاقوں میں مالداروں کی آگاہی کے لیے تربیتی کیمپس لگائے گی علاوہ ازیں چیف سیکرٹری نے بلوچستان کوئٹہ شہر میں صفائی کی صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کوئٹہ شہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر کیا جائے اور اس سلسلے میں کوئی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ میٹروپولٹن کارپوریشن کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ یہ ہم سب کا شہر ہے اور کوئٹہ کی روایتی حسن کی بحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔




