ایف آئی اے اسلام آباد زون کی بڑی کارروائیاں ؛ راولپنڈی ریجن میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی اربوں روپے مالیت کی کمرشل پراپرٹی واگزار کروا لی

0

ایف آئی اے اسلام آباد زون نے راولپنڈی ریجن میں گزشتہ تین ماہ کے دوران بڑی کارروائیوں میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی 6 ارب 40 کروڑ 2 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 112 ایکڑ 9 کنال کمرشل پراپرٹی واگزار کروا لی ۔

ہفتہ کے روز ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد زون نے ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد محمد افضل خان نیازی کے زیر نگرانی چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران گزشتہ 3 ماہ کے دوران راولپنڈی ریجن میں واقع متروکہ وقف املاک بورڈ کی 6 ارب 40 کروڑ 2 لاکھ 90 ہزار روپے مالیت کی کمرشل پراپرٹی واگزار کروا لی۔

واگزار کروائی گئی پراپرٹی مجموعی طور پر 112 ایکڑ 9 کنال اور 14 مرلہ پر مشتمل ہے۔چھاپہ مار ٹیموں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وسیم عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر چوہدری کوثر اور اے ایس آئی مظہر شاہ شامل تھے۔سپریم کورٹ از خود نوٹس کے احکامات کی روشنی میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے کارروائیاں کیں۔ترجمان کے مطابق کارروائیاں اٹک، فتح جھنگ اور راولپنڈی کے مختلف مقامات پر عمل میں لائی گئیں۔

راولپنڈی ریجن سے 15 ایکڑ 3 کنال اور 2 مرلہ کی جائیدادیں واگزار کروائی گئیں جن کی مالیت 5 ارب 45 کروڑ 9 لاکھ روپے ہے،جبکہ حسن ابدال سے 97 ایکڑ 6 کنال اور 12 مرلہ کی جائیداد واپس لی گئی ، جس کی مالیت 589.390 ملین روپے ہے۔کارروائیوں میں ضلع انتظامیہ اور مقامی پولیس سے بھی معاونت لی گئی۔

ترجمان کے مطابق واگزار کروائی گئی پراپرٹی متروکہ وقف املاک حکام کے حوالے کر دی گئی ہیں، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی قابض شدہ پراپرٹی کو واگزار کروانے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ناجائز قابضین کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.