اے این ایف کی بلوچستان میں کارروائی ، بھاری مقدار میں منشیات برآمد
قلعہ عبداللہ : اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) انٹیلیجنس کی جانب سے خفیہ اطلاع پر بلوچستان میں کارروائی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کارروائی ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں واقع کلی حمیدزئی میں کی گئی جبکہ کارروائی کے نتیجے میں بھاری مقدار میں چرس برآمد کرلی گئی ہے۔ ترجمان اے این ایف بلوچستان کا کہنا ہے کہ برآمدشدہ چرس کا کل وزن 652 کلوگرام ہے جبکہ چرس کو سیب کے ڈبوں میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق منشیات کو افغانستان کے علاقے شاراواک سے پاکستان اسمگل کیا گیا تھا جبکہ برآمدہ شدہ منشیات گوادر اسمگل کرنے کی غرض سے غیرآباد علاقے میں چھپائی گئی تھی۔واضح رہے کہ منشیات کو اے این ایف تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔