خیبر سے پہلی بار وزیراعلیٰ کے انتخاب پر صحافی برادری کا خیرمقدم — قبائلی اضلاع کے صحافیوں کے لیے خصوصی اقدامات کا مطالبہ
خیبر، 15 اکتوبر 2025:
ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر لنڈی کوتل کے صدر امان علی شینواری نے نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع سے پہلی بار وزیراعلیٰ کا انتخاب قبائلی عوام کے لیے باعثِ فخر اور تاریخی لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافی برادری اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے اور اُمید رکھتی ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نہ صرف عوامی مسائل کے حل کے لیے انقلابی اقدامات کریں گے بلکہ صحافیوں کی محرومیوں کے خاتمے کو بھی یقینی بنائیں گے۔
امان علی شینواری نے کہا کہ قبائلی صحافی انتہائی مشکل حالات میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں مگر کسی بھی سابق حکومت نے ان کے مسائل پر توجہ نہیں دی۔ میڈیا مالکان کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی اور پیکا ایکٹ کے تحت آزادیِ صحافت پر پابندیاں قابلِ مذمت ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ پیکا ایکٹ کے خاتمے، قبائلی صحافیوں کے لیے خصوصی گرانٹس، اور پریس کلب خیبر کی تعمیر کے لیے لیپس شدہ فنڈز کی بحالی کے اقدامات کریں۔
امان علی شینواری نے کہا کہ عمران خان کے دورِ حکومت میں ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر کے لیے تین کروڑ چالیس لاکھ روپے کے فنڈز منظور کیے گئے تھے مگر پلاٹ کی رقم شامل نہ ہونے کی وجہ سے فنڈز لیپس ہوگئے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت نہ صرف ان فنڈز کو دوبارہ ریلیز کرے بلکہ رقم کو دوگنا کیا جائے تاکہ پریس کلب کی تعمیر جلد ممکن ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ پریس کلب کا قیام صرف صحافیوں کا نہیں بلکہ پورے ضلع خیبر کے عوام کا مسئلہ ہے، کیونکہ یہ وہ ادارہ ہے جہاں سے عوامی مسائل کی آواز ایوانوں تک پہنچتی ہے۔
امان علی شینواری نے اُمید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی قبائلی عوام کی محرومیوں کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔
Comments are closed.