ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں معاذ صداقت کی لمبی چھلانگ، سلمان مرزا بھی 9 درجے اوپر آگئے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ جاری کردی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی رینکنگ میں بھارتی بیٹر ایشان کشن اور ابھیشیک شرما بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ ٹی ٹوئنٹی کپتان صاحبزادہ فرحان تیسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے اُبھرتے ہوئے نوجوان بیٹر معاذ صداقت 187 درجہ ترقی پاتے ہوئے 45 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جب کہ صائم ایوب 4 درجہ تنزلی کے بعد 42 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، حسن نواز بھی 3 درجہ تنزلی کے باعث 52 ویں نمبر پر چلے گئے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں افغان اسپنر راشد خان پہلے جب کہ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا اور انگلش بولر عادل رشید ایک ایک درجہ ترقی پاتے ہوئے بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آگئے۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے سلمان مرزا 9 درجہ بہتری کے بعد 14 ویں نمبرپر آگئے، صائم ایوب 8 درجہ ترقی کے بعد 54 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں مگر سفیان مقیم 3 درجہ تنزلی کے باعث 53 ویں نمبر پر چلے گئے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی آلراؤنڈرز کی فہرست میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلے اور پاکستان کے صائم ایوب دوسرے نمبر پر ہیں ۔ ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز 2 درجہ ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے۔
