خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے ایتھوپیا کے سفیر کی الوداعی ملاقات

17

lاسلام آباد، 8 اکتوبر 2025ء
پاکستان کی خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے ایوانِ صدر میں الوداعی ملاقات کی۔

خاتونِ اوّل نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کو فروغ دینے میں سفیر کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے پہلے وزیرِاعظم تھے جنہوں نے ایتھوپیا کا دورہ کیا، اور اس تاریخی تعلق کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہیں، اور ان کی انتخابی نشست میں سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی اور شجرکاری کے بڑے منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کو ماحولیاتی زراعت، قابلِ تجدید توانائی اور ابتدائی انتباہی نظاموں کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہیے۔

خاتونِ اوّل نے ایتھوپیا کو BRICS کی رکنیت پر مبارکباد دی اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دو طرفہ تجارتی معاہدے، ادیس ابابا میں سنگل کنٹری ایکزیبیشن، اور کراچی–ادیس ابابا پروازوں کی بحالی کو دونوں ممالک کے عوامی روابط کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا۔

سفیرِ ایتھوپیا نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے میں خاتونِ اوّل کے کردار کو سراہا اور بتایا کہ ایتھوپیا میں سات سال کے دوران 48 ارب پودے لگائے گئے جو ماحولیاتی استحکام کی ایک تاریخی کامیابی ہے۔

انہوں نے خاتونِ اوّل کو ایتھوپیا کے دورے کی دعوت دی تاکہ دونوں ممالک کی خواتینِ اوّل ماحولیاتی اور فلاحی منصوبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لے سکیں۔

بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے سفیر کو مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
سینیٹر شیری رحمان بھی ملاقات میں موجود تھیں۔

Comments are closed.