خیبرپختونخوا میں مویشیوں کی ترقی اور جانوروں کی فلاح کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں: سید قاسم علی شاہ

17

پشاور، 7 اکتوبر .عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ مویشی پالنا صوبے کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اور حکومت اس شعبے میں خود کفالت اور پائیدار ترقی کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے یہ بات ورلڈ اینیمل ڈے کے موقع پر منعقدہ جانوروں کی فلاح و بہبود سے متعلق آگاہی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو محکمہ لائیو اسٹاک کے زیرِ اہتمام بروک پاکستان اور نجی شراکت داروں کے تعاون سے منعقد کی گئی۔

تقریب میں گھوڑوں اور خچروں کی فلاح پر خصوصی توجہ دی گئی، جس میں ماہرین، ویٹرنری ڈاکٹرز، سول سوسائٹی کے نمائندے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر سید قاسم علی شاہ اور مہمانِ اعزاز چیئرمین چیف منسٹر شکایات سیل سامی اللہ خان تھے۔ انہوں نے اپنے خطابات میں جانوروں کی فلاح اور عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔

اپنے خطاب میں سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ جانوروں کی دیکھ بھال نہ صرف اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے بلکہ یہ براہِ راست عوامی صحت اور معیشت سے بھی جڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ

> “جانوروں کی بروقت ویکسینیشن اور مناسب نگہداشت ان کی صحت اور پیداوار کے لیے ضروری ہے، اور یہ چھوٹے چھوٹے اقدامات بڑے مثبت نتائج لا سکتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے جانوروں کی صحت، پیداوار اور مجموعی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے مختلف جدید اقدامات کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، تاکہ دیہی معیشت کو مضبوط اور صوبے کی اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

Comments are closed.