بلوچستان امن کی جانب لوٹ رہا ہے، صوبے کے لوگ کھیل، ثقافت، سیاحت اور دیگر مثبت سرگرمیوں سے محبت کرنے والے ہیں،صوبائی وزیر کھیل
کو ئٹہ: صوبائی مشیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کھلاڑیوں کی کامیابی کیلئے دُعاگوہوں،صوبے کے تمام کھلاڑی جوش و جیت کے جذبے کیساتھ نیشنل گیمز میں حصہ لیں، جنہوں نے کھیل کے میدان بند کرائے، مذہبی جنونیت، انتہا پسندی اور تعصب کو ترویج دی ان قوتوں کو کھیل کے ذریعے ہم شکست دینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل گیمز کے مشعل کی بلوچستان آمد پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل میں تعصب کی کوئی گنجائش نہیں ماضی کے ناعاقبت اندیش اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے نوجوان گمراہی کی جانب راغب ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن کی جانب لوٹ رہا ہے، صوبے کے لوگ کھیل، ثقافت، سیاحت اور دیگر مثبت سرگرمیوں سے محبت کرنے والے ہیں نوجوانوں اور کھلاڑیوں کیلئے بلوچستان گیمز کا انعقاد کریں گے اس سے قبل انہوں نے نیشنل گیمز کا مشعل کوئٹہ پہنچنے پر استقبال اور مشعل وصول کیا اس موقع پر سیکرٹری کھیل احمد رضا خان، ڈی جی کھیل درا بلوچ، صدر بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن ملک افضل اعوان، سپورٹس ایسوسی ایشنز کے نمائندے و کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھیں۔