اساتذہ معاشروں کے فکری و اخلاقی معمار ہیں، ان کا کردار قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے: مشیرِ وزیر اعلیٰ سردار بابا غلام رسول عمرانی

18

کوئٹہ (4 اکتوبر)
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا ہے کہ اساتذہ معاشروں کی فکری، اخلاقی اور عملی بنیادوں کے معمار ہوتے ہیں، جن کی محنت اور رہنمائی کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔

اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ استاد محض علم دینے والا نہیں بلکہ کردار سازی اور شعور بیداری کرنے والا رہنما ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک باشعور اور باکردار قوم کی تعمیر اسی وقت ممکن ہے جب استاد کو اس کا جائز مقام اور عزت دی جائے۔

سردار عمرانی نے کہا کہ حکومت بلوچستان اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم اور تربیت کے بغیر ترقی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا، اس لیے اساتذہ کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اساتذہ نے مشکل حالات اور وسائل کی کمی کے باوجود جس خلوص اور عزم سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، وہ قابلِ تحسین ہے۔
سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ اساتذہ وہ چراغ ہیں جو اندھیروں میں روشنی پھیلاتے ہیں اور نسلوں کو سمت دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کے عالمی دن کا مقصد اس عظیم پیشے کے تقدس کو اجاگر کرنا اور اس عزم کی تجدید ہے کہ ہم اپنے اساتذہ کی عزت و توقیر کو برقرار رکھتے ہوئے ان کے تجربے سے سماجی و معاشی ترقی کے راستے روشن کریں گے۔

Comments are closed.