اساتذہ قوم کے معمار ہیں، تعلیم میں حقیقی اصلاحات ہماری ترجیح ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

15

کوئٹہ (4 اکتوبر)
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار اور معاشرے کی بنیاد ہیں، جن کی بدولت قومیں ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہیں۔
اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کے خالق ہیں، ان کی خدمات اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان نے تعلیم کے شعبے میں حقیقی اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن میں سولہ ہزار اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی ایک تاریخی اقدام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھرتی کے عمل میں 99.9 فیصد میرٹ کو یقینی بنایا گیا تاکہ اہل اور باصلاحیت افراد کو موقع فراہم کیا جا سکے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت پرعزم ہے کہ صوبے کے ہر بچے کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے اور نظامِ تعلیم میں پائیدار بہتری لائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کا احترام، ان کی فلاح و بہبود اور تربیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، کیونکہ ایک باوقار اور بااختیار استاد ہی ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ اساتذہ کی محنت، لگن اور کردار کا اعتراف کرنا ہمارا اخلاقی و قومی فریضہ ہے۔

Comments are closed.