سعودی عرب ،45 داعشی دہشت گردوں کیخلاف مقدمات کی سماعت کا آغاز
ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں ایک خصوصی فوجداری عدالت میں مشتبہ دہشت گردوں کیایک سیل کے خلاف مقدمات کی سماعت کاآغاز ہوگیا ہے۔یہ سیل 45 مشتبہ دہشت گردوں پر مشتمل ہے۔ ان پر سعودی عرب میں داعش کی حمایت اور دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ان دہشت گردوں نے متعدد سکیورٹی افسروں کو قتل کیا تھا، ابھا میں سکیورٹی فورسز کی مسجد ، نجران میں مسجد المشہد اور الاحسا میں واقع مسجد الرضا میں بم دھماکے کیے تھے۔اس کے علاوہ عرعر میں سکیورٹی فورسز کی ایک گشتی پارٹی پر حملہ کیا تھا۔ان کے حملوں میں تین شہری اور پندرہ سکیورٹی افسر مارے گئے تھے۔ ان میں صوبہ القویعیہ میں نظامتِ عامہ تحقیقات کے بریگیڈیئر کتاب الحمادی بھی شامل تھے۔ داعش نے ان کے قتل کے واقعے کی ویڈیو فلمائی تھی اور پھر انٹرنیٹ پر اس کا پروپیگنڈا کیا تھا۔ان دہشت گردوں نے 2015 کے بعد ان تمام جرائم کا ارتکاب کیا تھا۔