
اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کے مرکزی ملزم ناصر بٹ کی درخواست نواز شریف کیس کے ساتھ منسلک کر دی، عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ ناصر بٹ کی درخواست کو نواز شریف اپیل کے ساتھ سنا جائے گا۔منگل کوجج ویڈیو سکینڈل کے مرکزی ملزم ناصر بٹ کی دستاویزات تصدیق سے متعلق انٹرا کورٹ درخواست پر سماعت ہوئی ۔کیس پر سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ وکیل ناصر بٹ کا کہنا تھاکہ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ناصر بٹ کی درخواست مسترد کر دی تھی۔وکیل درخواست گزار کے مطابق سنگل بنچ کے فیصلے میں قانونی سقم ہیں، سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، لندن ہائی کمیشن کو ویڈیو سے متعلق دستاویزات کی تصدیق کا حکم دیا جائے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ نوٹس کر لیتے ہیں۔عدالت نے وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25نومبر تک ملتوی کردی۔



