جرمن چانسلر نے افغانستان میں شکست کا اعتراف کرلیا

0 39

برلن : جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے کہاہے کہ ہم افغانستان میں جو حاصل کرنا چاہتے تھے، وہ نہ کر پائے،جرمن ریڈیو سے بات چیت میں جرمن چانسلر نے افغانستان، موسمیاتی تبدیلیوں، مہاجرت کی پالیسی اور کورونا وبائی مرض کے موضوعات پر بات چیت کی۔ میرکل نے ماحولیاتی تبدیلیوں اور ان سے پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال کے بارے میں جرمنی کی طرف سے کیے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ دوسرے ممالک کے مقابلے میں ہماری کارکردگی بہت بری نہیں ہے۔ لیکن ہم یقینا سرکردہ صنعتی ممالک میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نت نئی ٹیکنالوجی اور سائنسی بصیرت کا حامل ہونے کے تئیں یہ ذمہ داری جرمنی پر عائد ہوتی ہے کہ وہ ایک مثال بن کر رہنمائی کرے۔چانسلر میرکل نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ وہ افغانستان میں ایک مختلف انجام کی خواہش مند تھیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اس حقیقت پر یقینا بہت دکھ ہے کہ ہم جو حاصل کرنا چاہتے تھے وہ نہ کر پائے یعنی افغانستان میں ایک خود مختار سیاسی نظم و ضبط، جس میں لڑکیاں اسکول جا سکتیں، خواتین اپنی خواہشات پورا کرسکتیں، میرکل کا کہنا تھاکہ اکثر مباحثوں میں پوچھا کرتی تھی کہ وردی میں ملبوس ہماری خواتین اور مردوں کی افغانستان میں تعیناتی کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں افغان مرد کیوں بیرون ملک جانا چاہتے ہیں؟ بہر حال ہمیں اس حقیقت کو تسیلم کرنا ہوگا کہ ہم افغانستان میں وہ نظم و ضبط نہ لا سکے جسے ہم وہاں دیکھنا چاہتے تھے۔ تاہم میرکل کا کہنا تھاکہ اس کا قصوروار تنہا جرمنی نہیں ہے۔ افغان بھی اپنا کردار ادا کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ یہ اتنہائی افسوسناک امر ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.