فرانس: عوامی مظاہرے پُر تشدد صورت اختیار کرگئے، مشتعل افراد کی دکانوں میں لوٹ مار، 1800 سے زائد مظاہرین گرفتار

0

فرانس میں مہنگائی اور عوامی سہولیات کی ابتر صورتحال کے خلاف ہونے والے مظاہروں نے پرتشدد صورت اختیار کر لی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق پرتشدد واقعات کے دوران مظاہروں میں شامل ایک شخص ہلاک اور سیکڑوں پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ تقریباً 1800 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق ہفتے کے روز ملک گیر مظاہرے فسادات میں تبدیل ہو گئے۔ مشتعل افراد نے ایک ٹاؤن ہال کو آگ لگا دی، دکانوں میں لوٹ مار کی، عمارتوں پر وال چاکنگ کی اور ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد گروہوں کی پولیس کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔

پیرس میں مظاہرے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ پیرس میں پولیس نے ریکارڈ 855 گرفتاریاں کیں۔ وزیرِ داخلہ کے مطابق مظاہروں کے دوران ملک بھر میں 500 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق مہنگائی اور عوامی سہولیات کی ابتر صورتحال کے خلاف 5 لاکھ سے زائد افراد نے درجنوں شہروں میں مارچ کیا۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر صدر ایمانوئل میکرون کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج رات قوم سے خطاب کریں گے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق اگرچہ لاکھوں افراد نے پرامن احتجاج کیا تاہم احتجاج کی آڑ میں پرتشدد گروہوں نے سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنایا، لگژری بوتیکس اور سپر مارکیٹوں کو لوٹا اور پولیس اہلکاروں اور ان کی گاڑیوں پر حملے کیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.