پاکستان اور بنگلہ دیش انڈر 16کرکٹ ٹیموں کے مابین پہلا 3روزہ میچ ڈرا

0 34

راولپنڈی: پاکستان اور بنگلہ دیش انڈر 16کرکٹ ٹیموں کے مابین پہلا 3روزہ میچ ڈرا ہو گیا۔بنگلہ دیش نے آخری روز پاکستان کو جیت کے لیے 287رنز کا ہدف دیا، کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2وکٹوں کے نقصان پر 112رنز بنائے۔ محمد شہزاد نے 127گیندوں پر 80رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔اسپنر علی اسفند نے دوسری اننگز میں 6شکار کرکے میزبان ٹیم کے کم بیک میں کلیدی کردار ادا کیا۔اتوار کو کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم نے میچ کے تیسرے روز 4وکٹوں کے نقصان پر 119رنز سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو قومی انڈر 16کرکٹ ٹیم کے اسپنر علی اسفند کی عمدہ بالنگ کی بدولت پوری ٹیم 200رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دوسری اننگز میں 6وکٹیں حاصل کرنے والے علی اسفند نے میچ میں 82رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میڈیم پیسر احمد خان نے میچ میں 5کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔بنگلہ دیش انڈر 16کرکٹ ٹیم کے کپتان نعیم احمد دوسری اننگز میں 73رنز بنا کر ٹاپ اسکور ررہے۔پہلی اننگز میں 87رنز کے خسارے کا شکار قومی انڈر 16کرکٹ ٹیم کو میچ میں جیت کے لیے 287رنز کا ہدف ملا۔ پاکستان کے بلے بازوں نے دوسری اننگز کے آغاز سے ہی دفاعی حکمت عملی اپنائی تاہم اوپنر محمد عامر 74گیندوں پر 11رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ دوسرے اینڈ سے محمد شہزاد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور حریف ٹیم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔ انہوں نے 127گیندوں پر80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں عباس علی نے 34گیندوں پر 3رنز بنا کر محمد شہزاد کا بھرپور ساتھ دیا۔ کھیل کے اختتام تک قومی انڈر 16کرکٹ ٹیم نے 2وکٹوں کے نقصان پر 112رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل مہمان ٹیم کے 204رنز کے جواب میں قومی انڈر 16کرکٹ ٹیم ابرار افضل کی نصف سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 117رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.