امریکی فنانس بل میں بھارت سے مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

0 34

واشنگٹن:  امریکی سینیٹ کمیٹی نے فنانس بل میں پیش کی گئی ترمیم میں بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن، کرفیو کے خاتمے اور مواصلاتی روابط کی مکمل بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2020 کے لیے اسٹیٹ فارن آپریشنز اپروپریشن بل سے منسلک ترمیم سینیٹ اختصاص کمیٹی کے ارکان کے سامنے پیش کی گئی جسے امریکا کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کو لیے جانے والے بھارتی اقدام کے خلاف قانونی کارروائی کی جانب پہلے قدم کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔کمیٹی نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھارت کے ساتھ امریکی تعلقات میں اضافے پر بات کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں موجودہ انسانی بحران پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔سینیٹ کمیٹی نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مکمل طور پر ٹیلی کمیونیکیشن اور انٹرنیٹ سروسز بحال کرے، لاک ڈاؤن اور کرفیو اٹھائے اور حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے تناظر میں گرفتار کیے گئے افراد کو رہا کرے۔کراچی میں پیدا ہونے والے اور ریاست میری لینڈ کے ڈیموکریٹک سینیٹر کرس وان ہولین نے یہ ترمیم پیش کی جس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی بحران کی نشاندہی کی گئی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اور اہم ری پبلکن سینیٹر لنزے گراہم نے امریکی سینٹ میں رپورٹ جمع کروائی تھی۔سینیٹر کرس وان ہولین نے وفد کے ہمراہ رواں ہفتے نئی دہلی کا دورہ کیا تھا جس میں بھارتی عہدیداران سے امریکا بھارت کے تعلقات اور مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔گزشتہ روز نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے اور وہاں کے حالات کا جائزہ لینے سے متعلق درخواست مسترد کردی۔کرس وان ہولین نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکا، کشمیر میں موجود انسانی بحران کی صورتحال پر نظررکھے ہوئے ہے۔#/s#

Leave A Reply

Your email address will not be published.