مسلح افراد کا عراق کے’’دجلہ‘‘چینل دفتر پر دستی بموں سے حملہ

0 34

بغداد: عراقی دارالحکومت بغداد میں مسلح ملیشیا کے ارکان نے ایک مقامی سیٹلائٹ چینل کی عمارت پر حملہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق “دجلہ” ٹی وی چینل نے تصدیق کی ہے کہ مسلح افراد نے گذشتہ روز بغداد میں اس کی عمارت پر دو دستی بم پھینکے۔ چینل کی ویب سائٹ پر جاری بریکنگ نیوز میں کہا گیا کہ بغداد میں دجلہ چینل کے بیورو آفس پر دھاوے کا مقصد حق کی آواز کو خاموش کرانا ہے۔چینل نے واضح کیا کہ حملے کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور بموں کی وجہ سے بیورو آفس میں آگ بھڑک اٹھی۔ایک صحافتی ذریعے نے بتایا کہ چینل کے بیورو پر نقاب پوش مسلح افراد کی جانب سے دستی بم کے حملوں میں بھاری مادی نقصان ہوا تاہم چینل میں کام کرنے والوں کو کوئی ضرر نہیں پہنچا۔ ذرائع کے مطابق اس فعل کا ارتکاب کرنے والوں کو پکڑ کر نزدیکی پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا۔ذریعے نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کو آدھے گھنٹے بعد رہا کر دیا گیا اور یہ بات سامنے آئی کہ ان کا تعلق الحشد الشعبی ملیشیا سے ہے۔دوسری جانب ذرائع نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ ایرانی ہمنوا بعض عراقی گروپوں مثلا “بدر تنظیم” اور “الخراسانی بریگیڈز” نے مظاہرین کو گرفتار کرنے کی غرض سے اپنے عناصر کو بغداد میں تحریر اسکوائر کے نزدیک پہنچا دیا۔اس طرح کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں کہ ایران کی ہمنوا ملیشیا الخراسانی بریگیڈز کے نشانچیوں نے مظاہرین کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 13 مظاہرین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان افراد کے سروں میں گولیاں لگی تھیں تاہم الجملہ نیورو کلینک میں ڈاکٹروں کو علاج کرنے سے روک دیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.