آج دنیا میں انسانی صحت اور بقا کو سب سے زیادہ خطرہ ماحولیاتی آلودگی سے ہے،صوبائی وزیر داخلہ

0 41

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی دنیا کو اپنی لیسٹ میں لے رہی ہے، آج دنیا میں انسانی صحت اور بقا کو سب سے زیادہ خطرہ ماحولیاتی آلودگی سے ہے۔وزیراعلی بلوچستان کی خصوصی ہدایت کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئٹہ اور اس کے مضافات میں ماحول کے معیار کو بہتر بنانے اور فضائی آلودگی کے خلاف مہم کا آغاز خوش آئند ہے اس ضمن میں انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر میں بالخصوص رکشوں، ٹرک اور دیگر ایسی ٹرانسپورٹ جو کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کا سبب بن رہی ہیں ان کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جائے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ انسان کو صحت مند زندگی گزارنے کے لئے صاف ستھرا ماحول اورصاف ہوا میں سانس لینا بے حد ضروری ہے۔ لیکن موجودہ دور میں انسانوں کو صاف ہوا میسر نہیں اس وقت ہم آلودہ ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔جس سے لوگوں کا بے شمار بیماریوں کا شکار ہونا آلودگی کی وجہ سے ہے جو کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل دینے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ فضا میں خطرناک ذرات شامل ہونا ماحولیاتی آلودگی کا باعث ہے۔ کوئلہ کی صنعتیں ،کوڑا کرکٹ جلانے گاڑیوں کا دھواں اس کی بڑی وجہ ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے دنیا بھر میں ہرسال 5.5 ملین افراد موت کے منہ میں جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف ٹریفک پولیس دیگر محکموں کے ساتھ ساتھ عوام بھی اپنا اخلاقی اورقومی فریضہ سمجھ کر ماحولیاتی آلودگی سے نجات پانے کے لیے کردار ادا کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.