1971 میں بھارت نے بنگالیوں کی مدد نہیں کی بلکہ پاکستان کو کمزور کیا، اسپیکر بنگلادیشی پارلیمنٹ
بنگلادیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نےکہا ہےکہ 1971 میں بھارت نے بنگالیوں کی مدد نہیں کی بلکہ پاکستان کو کمزورکیا۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے دورےکے موقع پر صحافیوں سےگفتگو میں اسپیکربنگلادیشی پارلیمنٹ حافظ الدین احمد کا کہنا تھا کہ پچھلے 15سال میں بنگلادیش ہمسایہ ملک کی کالونی بن چکا تھا، ہمسایہ ملک کی کالونی بننے سے ہمارے عوام پس رہے تھے۔
اسپیکربنگلادیشی پارلیمنٹ حافظ الدین احمد کا کہنا تھا کہ حسینہ واجد بنگلادیش واپس آئیں تو سیدھا جیل جائیں گی، حسینہ واجد نے مسلم دشمن ملک میں پناہ لے رکھی ہے، بھارت حسینہ واجد کو واپس نہیں کرتا تو بین الاقوامی عدالت انصاف جائیں گے۔ حسینہ واجد واپس آنےکا اعلان صرف اپنےکارکنوں کو بتانےکے لیےکرتی ہیں، حسینہ واجد آئندہ 10 سال تک بنگلادیش واپس نہیں آئیں گی۔
حافظ الدین احمد کا کہنا تھا کہ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ ایک دہشت گرد جماعت بن چکی ہے، بنگلادیشی حکومت عوامی لیگ پرپابندی لگانےکا سوچ رہی ہے، ہم بنگالی جمہوری لوگ ہیں،کسی قسم کی ڈکٹیٹرشپ کو برداشت نہیں کرتے، 71 میں بھی ہم نے جمہوریت مانگی تھی جو نہیں دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلادیش اورپاکستان میں پارلیمانی نظام ایک جیسا ہے، 1975 میں بنگلادیش میں یک جماعتی نظام لایا گیا، بدقسمتی سے ہمیں خالص جمہوریت نہیں ملی، اس سال فروری میں جو الیکشن ہوئے وہ شفاف تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیرکا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل ہونا چاہیے، پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوستی کا تعلق مزید گہرا ہوگا، بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے بنگلا دیشی امیدوار کی حمایت پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
