ملک بھر میں تیسری ذیلی قومی انسداد پولیو مہم 2 نومبر سے شروع ہوگی
رواں سال کی تیسری ذیلی قومی انسداد پولیو مہم 2 سے 8 نومبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران ملک کے 97 مخصوص اضلاع میں 2 کروڑ 39 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔
پنجاب کے 13 اضلاع میں 92 لاکھ 78 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، جبکہ سندھ کے 20 اضلاع میں 68 لاکھ 83 ہزار بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے 27 اضلاع میں 48 لاکھ 8 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، جبکہ بلوچستان کے 31 اضلاع میں 22 لاکھ 17 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اسلام آباد میں بھی 4 لاکھ 47 ہزار بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔
