ایوارڈ تقریب میں نیند سے بے حال لامین یامال کے چھوٹے بھائی توجہ کا مرکز بن گئے
فٹبال کی دنیا کے معروف ایوارڈ بیلن ڈی اور کی تقریب میں بارسلونا کے نوجوان اسٹار لامین یامال ایوارڈ تو نہ جیت سکے لیکن ان کے چار سالہ چھوٹے بھائی کینے نے اپنی معصومانہ حرکتوں سے محفل لوٹ لی۔
لندن کے پیلیڈیم میں منعقد ہونے والی تقریب میں کینے اپنے بڑے بھائی کی حوصلہ افزائی کے لیے شریک ہوئے۔ وہ سیاہ بو ٹائی کے ساتھ خوبصورت سوٹ پہن کر تقریب میں پہنچے اور ریڈ کارپٹ پر ’راک، پیپر، سیزرز‘ کا کھیل کھیلتے بھی دکھائی دیے۔
اس موقع پر انہوں نے بائرن میونخ کے اسٹار مائیکل اولیسے سے ہاتھ بھی ملایا۔
تاہم، ایوارڈ تقریب میں تاخیر کے باعث ننھے کینے پر نیند کا غلبہ ہونے لگا اور وہ اپنی نشست پر ہی سوتے ہوئے نظر آئے۔
ان کی یہ دلچسپ حرکت کیمروں کی توجہ کا مرکز بن گئی جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس پر خوب تبصرے کیے۔
دوسری جانب لامین یامال بالن ڈی اور ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہے اور انہیں تیسری پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا جبکہ ہیری کین نے ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
البتہ، یامال نے مسلسل تیسری مرتبہ دنیا کے بہترین نوجوان فٹبالر کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے کوپا ٹرافی جیتی۔ اس کامیابی کے باوجود تقریب میں ان کے چھوٹے بھائی کینے کی نیند اور معصومانہ انداز نے شائقین کی خصوصی توجہ حاصل کرلی۔
سوشل میڈیا پر مداحوں نے کینے کی تصاویر اور ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ ننھے مہمان نے تقریب میں اپنے بڑے بھائی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
