سابقہ اداکارہ اریج فاطمہ نے مستقل سر ڈھانپنے کی وجہ بتادی
پاکستان کی مایہ ناز سابقہ اداکارہ اریج فاطمہ نے اپنے سر کو مسلسل ڈھانپے رکھنے کی وجہ بتادی۔ سابقہ اداکارہ کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ دوران انٹرویو اپنے کینسر اور سر ڈھکنے کی وجہ پر بات کررہی ہیں۔ اریج فاطمہ نے بتایا ‘مجھ سے بہت لوگ سوال کرتے ہیں کہ میں نے سر ڈھکنا کیوں شروع کیا، دراصل مجھ میں جب کینسر کی تشخیص ہوئی تو ایک ڈر تھا کہ میرے بال جھڑ جائیں گے، مجھے اپنے بالوں پر بہت ناز تھا اور ان ہی کی فکر مجھے سب سے زیادہ تھی، یہ ایک عورت کا اعتماد ہوتے ہیں’۔ یہ بھی پڑھیں اریج فاطمہ کا کینسر میں مبتلا ہوکر صحتیابی کا انکشاف، اداکارہ نے ویڈیو جاری کردی اریج فاطمہ کا ساتھی اداکاراؤں کے فیشن سینس سے متعلق پیغام اداکارہ اریج فاطمہ اپنی جلد کا خیال کیسے رکھتی ہیں؟ انہوں نے کہا ‘میں بار بار کہتی تھی کہ جب میں گنجی ہوجاؤں گی تو حجاب شروع کردوں گی، حالانکہ اللہ تعالیٰ نے میرے بال نہیں گرائے، یہ چیز کہیں نہ کہیں میرے پچھتاوے کا باعث بنی کہ جب گنجی ہوجاؤں گی، کیا تب ہی حجاب کروں گی؟’ سابقہ اداکارہ نے مزید کہا ‘میں نے مُردوں کو غسل دینا شروع کیا تھا، وہ ٹرننگ پوائنٹ تھا مجھے لگنے لگا کہ اب کسی بھی وقت کچھ بھی ہوسکتا ہے، بیماری میری قسمت میں تھی لیکن جس طرح سے اللہ پاک نے میرے لیے آسانیاں پیدا کیں وہ چیز بھی تو دیکھنی چاہیے’۔ اریج فاطمہ کا کہنا تھا ‘جو بیماری مجھے تھی اس کی لوگوں میں تشخیص ہی نہیں ہوپاتی لیکن راتوں رات میری تشخیص بھی ہوگئی اور علاج بھی ہوا، یہ سب اللہ کا کرم ہے، لوگ مجھے کہتے ہیں گناہوں کی سزا ہے لیکن میں ایک بات بتادوں کہ بیماری آپ کی لکھی ہوتی ہے، توکل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں’۔
