پاکستان اور قطر ثالثی کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں: اسماعیل بقائی
ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے لیے پاکستان اور قطر کردار ادا کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایران اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی ایک طویل تاریخ موجود ہے، دونوں ممالک کے درمیان جوہری معاملے پر بھی تعاون رہا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران ہمیشہ دوست اور شراکت دار ممالک کی معاونت اور حمایت کا خیرمقدم کرتا آیا ہے، ایرانی سرحدوں کو غیر محفوظ بنانے کی کوششوں کے پیچھے امریکا اور اسرائیل ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ کوئی شک نہیں امریکا اور اسرائیل ایران میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، آبنائے ہرمز کی بندش امریکی اور اسرائیلی حملوں کا ردعمل ہے، آبنائے ہرمز کی بندش دفاعی نوعیت کی ہے،دباؤ ڈالنے کے لیے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش بین الاقوامی قانون کے مطابق ہے، امریکی بحری ناکہ بندی جاری رہنے تک آبنائے ہرمز میں سکیورٹی کی ضمانت نہیں دے سکتے، حوثی ملیشیا کے سعودی عرب پر حملوں میں اضافے پر گہری تشویش ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران فریقین کے درمیان مذاکراتی عمل شروع کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، دو اسلامی ممالک کے درمیان جنگ اور دشمنی جاری رہنا ٹھیک نہیں، تمام فریقین تنازع کا حل مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے تلاش کریں۔
