ماؤنٹین بائیک رائیڈر نے بلندی سے چھلانگ لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا
سڈنی: آسٹریا سے تعلق رکھنے والے ماؤنٹین بائیک رائیڈر ماریو نیوراؤٹر نے بلندی سے سائیکل چلا کر نیچے رکھے چھوٹے سے گتے کے ڈبے کو پچھلے ٹائر سے کچل کر گینیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرادیا۔
رپورٹس کے مطابق ماؤنٹین بائیک رائیڈر ماریو نیوراؤٹر نے ستمبر 2025 میں بائیک ری پبلک سولڈن فیسٹیول کے دوران یہ منفرد کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے 12.46 فٹ بلند پلیٹ فارم سے سائیکل سے چھلانگ لگائی اور درست نشانہ لگاتے ہوئے پچھلا ٹائر ایک چھوٹے سرخ ڈبے پر رکھ کر اسے کچل دیا۔
یہ کارنامہ انجام دینے کے ساتھ ہی ان کا نام بائی سائیکل سے کسی ہدف پر بلند ترین عمودی ڈراپ (مردوں کیٹیگری) کے گینیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے ماریو نیوراؤٹر نے کہا کہ یہ کرتے وقت انہیں خوف محسوس نہیں ہو رہا تھا۔ تاہم، وہ جانتے تھے کہ ڈبے کو درست نشانہ بنانا مشکل ہوگا۔
انہوں نے اس مخصوص اسٹنٹ کی باقاعدہ مشق نہیں کی تھی، اس لیے انہیں معلوم نہیں تھا کہ کامیابی کے لیے کتنی کوششیں کرنا ہوں گی۔
