خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی 13 سالہ حکمرانی، کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے: امیر مقام

0

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کو مسلسل 13 سال سے اقتدار حاصل ہے، تاہم اس کے باوجود صوبے اور عوام کے حقیقی مسائل پر صوبائی قیادت اور وزیراعلیٰ کی توجہ دکھائی نہیں دیتی۔

ان کا خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبے میں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی اور دیگر ناخوشگوار واقعات پیش آ رہے ہیں، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

 

امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام سے بڑے بڑے وعدے کیے تھے، تاہم آج اس کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں، انہوں نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں خیبر پختونخوا کے عوام کو کیا ریلیف ملا؟

 

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے پاس اپنی 13 سالہ کارکردگی کے طور پر پیش کرنے کے لیے کوئی قابلِ ذکر کامیابی نہیں، جبکہ صوبے کا بنیادی مسئلہ ابتر گورننس ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ صوبائی قیادت عوامی مسائل کے حل کے بجائے سیاسی نعرے بازی اور سوشل میڈیا ویڈیوز تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے عوام کو درپیش مسائل کے حل، امن و امان کی بہتری اور مؤثر حکمرانی کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.