چکیسر میں سڑکوں کی ناقص تعمیر کے خلاف عوام کا احتجاج
شانگلہ (آفتاب حسین سے)
شانگلہ کی تحصیل چکیسر میں دو اہم شاہراؤں پر جاری تعمیراتی کام میں ناقص میٹریل کے استعمال اور سست روی کے خلاف عوام نے چکیسر چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے کروڑا–چکیسر اور دندئی–چکیسر روڈ پر کام کرنے والی تعمیراتی کمپنیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کہا کہ حکومت کے اربوں روپے عوامی فلاح کے منصوبوں پر ضائع نہیں ہونے دیے جائیں گے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ طویل عرصے بعد سڑکوں کی تعمیر کا آغاز ہوا ہے، مگر ناقص اور غیر معیاری کام عوام کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ محکمے ناقص کام فوراً بند کر کے معیار کے مطابق تعمیرات شروع کریں۔
عوامی نمائندوں اور عمائدین نے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر صورتحال درست نہ ہوئی تو بھرپور عوامی تحریک شروع کی جائے گی۔
مظاہرین نے واضح کیا کہ احتجاج کسی سیاسی مقصد کے لیے نہیں بلکہ خالصتاً عوامی مفاد میں کیا جا رہا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار اور معیاری انفراسٹرکچر فراہم ہو سکے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ناقص کام میں ملوث ٹھیکیداروں اور ذمہ داران کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
Comments are closed.