کرم کی کوئلہ کان میں حادثہ، شانگلہ کے پانچ مزدور جاں بحق
شانگلہ (آفتاب حسین سے)
ضلع کرم میں واقع یاستہ طورہ واڑی کی ایک کوئلہ کان میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں شانگلہ سے تعلق رکھنے والے پانچ مزدور جاں بحق
ہوگئے۔ جاں بحق مزدوروں کی لاشوں کی برآمدگی کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مزدور کان کے اندر کام کر رہے تھے کہ اچانک کان بیٹھ گئی، جس کے باعث چھ مزدور ملبے تلے دب گئے۔ ان میں سے پانچ مزدوروں کا تعلق ضلع شانگلہ کی تحصیل پورن سے جبکہ ایک مزدور کا تعلق ضلع سوات سے بتایا گیا ہے۔
شانگلہ سے تعلق رکھنے والے جاں بحق مزدوروں میں تاج اللہ ولد سلطانے، زیورالرحمن ولد عبداللہ، شوکت ولد طوطا، نازاللہ ولد اعتبار گل، اور جان محمد ولد
گل صدبر شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زیورالرحمن کی نعش ملبے سے نکال لی گئی ہے جبکہ دیگر مزدوروں کی تلاش جاری ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی رضاکاروں، ریسکیو ٹیموں اور دیگر اداروں نے مشترکہ کارروائی شروع کی۔ تاہم کان کی گہرائی اور اندر پانی بھر جانے کے باعث ریسکیو عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، شانگلہ اور دیگر پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے مزدور رزقِ حلال کی تلاش میں دور دراز علاقوں میں محنت کرتے ہیں، مگر ان کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا فقدان تشویشناک ہے۔
حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی حتمی صورتحال واضح ہوسکے گی۔
Comments are closed.