پاکستان قومی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، عوام اور فوج متحد ہیں: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

16

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، باہمی احترام اور علاقائی استحکام کو ترجیح دی ہے، مگر قومی دفاع اور سرحدی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ملک ہے جو اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے، تاہم افغانستان کی جانب سے کسی بھی جارحیت یا سرحد پار دہشت گردی کی کوشش پر پاک فوج دوٹوک اور مؤثر جواب دینا جانتی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ قومی اتحاد اور یکجہتی ہی دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ افغانستان کو سمجھنا ہوگا کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان کی عوام، حکومت اور ادارے مکمل طور پر قومی سلامتی کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں، اور پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔

Comments are closed.