پنجگور میں ایم پی اے رحمت صالح بلوچ کے بھائی کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت — وزیراعلیٰ بلوچستان، پیپلز پارٹی رہنما اور صوبائی مشیر خواتین ترقی کا ردعمل

15

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 19 اکتوبر:

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور میں رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح بلوچ کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سنگین اور قابلِ مذمت کوشش قرار دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق عبرتناک سزا دی جائے۔
انہوں نے اس افسوسناک فائرنگ کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ اقدامات بلوچستان کے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور انصاف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے اور امن و امان کے قیام کے لیے مجرموں کو کسی صورت قانون کے شکنجے سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجگور کا یہ افسوسناک واقعہ نہ صرف ایک خاندان کے لیے سانحہ ہے بلکہ پورے بلوچستان کے امن کے لیے بڑا دھچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی یا قبائلی بنیادوں پر اس نوعیت کے قتل کے واقعات انتہائی قابلِ افسوس اور قابلِ مذمت ہیں، جو صوبے کے امن و استحکام کو کمزور کرنے کی گھناؤنی کوشش ہیں۔
پیپلز پارٹی رہنما نے مطالبہ کیا کہ حکومت بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے سخت ترین سزا دیں تاکہ آئندہ کوئی اس قسم کی حرکت کرنے کی جرات نہ کر سکے۔
انہوں نے مرحوم کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کے لیے تمام سیاسی و قبائلی قیادت کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ نفرت اور انتقام کی سیاست کا خاتمہ ہو سکے۔

اسی طرح صوبائی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بھی پنجگور واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک المناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے جس سے نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پورے صوبے میں غم و اندوہ کی فضا پیدا ہوئی ہے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ اس طرح کے واقعات صوبے کے امن اور سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی سازش ہیں جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے جاں بحق ہونے والے ولید صالح کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور اہلِ خانہ کے صبرِ جمیل کے لیے دعا بھی کی۔

Comments are closed.