شہید بینظیرآباد: غیر قانونی لیبارٹریوں اور جعلی میڈیکل سینٹروں کی فوری بندش کے احکامات، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو

18

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کراچی/نواب شاہ، 18 اکتوبر 2025: صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیر صدارت ضلع شہید بینظیرآباد میں صحت عامہ کے مسائل اور محکمہ صحت کی کارکردگی پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈینگی، ملیریا اور ایچ آئی وی/ایڈز کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

صوبائی وزیر صحت نے غیر قانونی لیبارٹریوں، بلڈ بینکوں اور غیر منظور شدہ نجی میڈیکل سینٹروں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے پر ہیلتھ کیئر کمیشن اور محکمہ صحت کے افسران پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے واضح کیا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والے عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی طبی اداروں کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور فوری کارروائی کی ہدایت دی۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور ہیلتھ کیئر کمیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ ایڈز اور ملیریا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر غیر قانونی میڈیکل سینٹرز، کینولا سینٹرز، سرجیکل اسٹورز اور بلڈ بینکوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے۔ وزیر صحت نے یہ بھی کہا کہ خراب کارکردگی دکھانے والے افسران کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی اور غیر فعال افسران کو گھر بیٹھنے کی تلقین کی گئی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر زبیر، ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی، ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گلشن میمن، ایم ایس ڈاکٹر یار علی جمالی، انفارمیشن آفیسر شیر محمد جمالی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

Comments are closed.