اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی عالمی یومِ خوراک کے موقع پر محفوظ خوراک کی آگاہی مہم کا آغاز

15

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 17 اکتوبر:
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے عالمی یومِ خوراک 2025 کے موقع پر محفوظ خوراک اور حفظانِ صحت کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔ مہم کا مقصد شہریوں میں

صاف ستھری، معیاری اور محفوظ خوراک کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔

اس مہم کے تحت اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے تعاون سے مختلف آگاہی سیمینارز اور تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا جن میں تاجروں، فوڈ برینڈز، ریستوران مالکان اور عام شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔

سیمینارز میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ اسلام آباد چیمبر کے عہدیداران اور معروف فوڈ برینڈز کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کہا کہ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی تاجروں اور فوڈ انڈسٹری کے تعاون سے شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ فوڈ اتھارٹی کی جاری کردہ ایس او پیز اور صفائی کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

> “ہمارا مقصد ایک ایسا اسلام آباد تشکیل دینا ہے جہاں ہر شہری کو اپنی خوراک پر اعتماد ہو۔ تعلیم، احتیاط اور تعاون کے ذریعے ہم فوڈ سیفٹی کلچر کو مضبوط بنا سکتے ہیں،” ڈاکٹر طاہرہ صدیق کا کہنا تھا۔

سیمینارز میں فوڈ سیفٹی ماہرین کی جانب سے خوراک کی صفائی، سپلائی چین سیکیورٹی، ویسٹ مینجمنٹ، اور صارفین میں آگاہی کے حوالے سے تفصیلی لیکچرز دیے گئے۔ شرکاء نے فوڈ لائسنسنگ، معائنہ جاتی عمل اور بہترین انتظامی طریقہ کار پر سوالات بھی کیے۔

تاجر برادری نے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے عوام میں خوراک کی صفائی، معیار اور صحت کے حوالے سے شعور بیدار کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ آگاہی مہم عالمی یومِ خوراک 2025 کے عالمی موضوع — “پانی ہی زندگی ہے، پانی ہی خوراک ہے — کسی کو پیچھے نہ چھوڑیں” — کے عین مطابق ہے، جس کا مقصد ایک محفوظ، صحت مند اور باخبر معاشرہ تشکیل دینا ہے۔

Comments are closed.