اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد

15

 اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے انڈیپینڈنٹ گروپ اور نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے۔

انہوں نے گروپ کے سربراہ احسن بھون، نو منتخب صدر ہارون الرشید، سیکرٹری زاہد اسلم اعوان اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کردار انتہائی قابلِ تحسین ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ پارلیمان، عدلیہ اور وکلاء برادری آئینی و جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے ایک دوسرے کے معاون و شریکِ کار ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پارلیمان، وکلاء برادری کے ساتھ مل کر قانون سازی کے عمل کو مزید موثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

سردار ایاز صادق نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نو منتخب صدر اور اُن کی ٹیم قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق کے تحفظ اور وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے تمام نو منتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مزید کامیابیوں کے لیے دعا بھی کی۔

Comments are closed.