صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ملاقات، موجودہ سیاسی و سکیورٹی صورتحال سمیت قومی اہمیت کے مختلف امور پر تبادلہ خیال

17

اسلام آباد۔15اکتوبر :صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی اور موجودہ سیاسی و سکیورٹی صورتحال سمیت قومی اہمیت کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار،وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال ، وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ، سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ خان،وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سینیٹر سید محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر شیری رحمٰن اور سید نیئر حسین بخاری بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران صدر مملکت اور وزیراعظم نےموجودہ سیاسی و سکیورٹی صورتحال سمیت قومی اہمیت کے امور اور پاکستان کے سٹریٹجک و معاشی مفادات پر اثر انداز ہونے والی حالیہ علاقائی و بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے صدر مملکت کوعالمی رہنمائوں سے ملاقاتوں اور غزہ میں امن کے لیے کوششوں سمیت اپنے حالیہ دورہ مصر اور ملائیشیا کے بارے میں آگاہ کیا۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ون آن ون ملاقات بھی کی جس میں دونوں رہنمائوں نے قومی ترجیحات اور حکومتی پالیسیوں کی مجموعی سمت پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے قومی اہمیت کے معاملات پر سیاسی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Comments are closed.