اسلام آباد پولیس کا تھانہ نون میں کامیاب ایکشن — ڈائریکٹر لینڈ احسان الہی قتل کیس کے مرکزی ملزمان ہلاک

18

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ نون کے علاقے میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ڈائریکٹر لینڈ احسان الہی کے قتل میں ملوث دو خطرناک ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے بلیو ایریا میں اپنے ساتھیوں کی مدد سے ڈائریکٹر لینڈ احسان الہی کو قتل اور قیصر اشفاق کو زخمی کیا تھا۔ واقعے کے بعد ملزمان روپوش ہوگئے تھے، جن کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس کی خصوصی ٹیمیں مسلسل متحرک تھیں۔

پولیس نے دورانِ چیکنگ ملزمان عابد یاسین اور ابرار خان کو تھانہ نون کے علاقے سے گرفتار کیا، جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ انوسٹی گیشن کے دوران ملزمان نے قتل اور حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

پولیس ٹیم جب ملزمان کی نشاندہی پر ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پہنچی تو اچانک نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں گرفتار ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔

ترجمان کے مطابق پولیس اہلکار حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا گیا۔
ملزمان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے واضح کیا ہے کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، اور امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Comments are closed.