بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ میں ناقص اور مضرِ صحت گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 14 اکتوبر 2025:
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری خصوصی مہم کے تحت کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں ناقصل، غیر معیاری اور مضرِ صحت گوشت کی فروخت کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔
بی ایف اے کی معائنہ ٹیموں نے گوالمنڈی چوک، کواری روڈ، سرکی روڈ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 81 بیف، مٹن اور پولٹری شاپس کا معائنہ کیا۔ کارروائیوں کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، غیر معیاری گوشت کی نمائش اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر 15 دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ متعدد دکانداروں کو تنبیہی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ اس مہم کا مقصد نہ صرف غیر معیاری گوشت کی فروخت کی روک تھام ہے بلکہ دکانداروں میں صفائی اور فوڈ سیفٹی قوانین سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا بھی شامل ہے۔
علاوہ ازیں، اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گوشت خریدتے وقت اس کی تازگی، رنگ اور معیار کا خاص خیال رکھیں، اور کسی بھی شکایت یا خلاف ورزی کی صورت میں بی ایف اے کمپلینٹ نمبر 0333-4664507 یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
Comments are closed.