وفاقی محتسب کے ریجنل ہیڈ کی گورنر خیبرپختونخوا سے ملاقات

24

پشاور (پریس ریلیز )
وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس پشاور کے ریجنل ہیڈ محمد مشتاق جدون نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی اور انہیں وفاقی محتسب پاکستان و ریجنل آفس پشاور کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

ملاقات کے دوران محمد مشتاق جدون نے بتایا کہ سال 2024 کے دوران وفاقی محتسب کے ادارے نے اعجاز احمد قریشی کی قیادت میں دو لاکھ چھبیس ہزار شکایات کا ازالہ کیا، جن میں خواتین، بچوں کے حقوق، بیواؤں کی پنشن اور بیرون ملک پاکستانیوں سے متعلق شکایات شامل تھیں۔
ان میں سے 93 فیصد شکایات پر عمل درآمد مکمل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2025 میں اب تک تقریباً دو لاکھ شکایات سنی جا چکی ہیں، جن میں سے 88 فیصد کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔ پچھلے سال خیبرپختونخوا میں 20 ہزار شکایات موصول ہوئیں جبکہ رواں سال اب تک 21 ہزار شکایات کی سماعت کی جا چکی ہے۔
یہ اضافہ عوام کے وفاقی محتسب کے ادارے پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔

محمد مشتاق جدون نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کے فوری حل اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں وفاقی اداروں کے دفاتر کے معائنے اور واٹس ایپ کے ذریعے شکایات درج کرانے کی سہولت بھی شامل ہے۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوامی مسائل کے فوری اور شفاف حل کے لیے وفاقی محتسب کا ادارہ اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل آفس کی کارکردگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ عوام کو ان کے مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر فورم میسر ہے۔
گورنر نے وفاقی محتسب کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی اعتماد کی بحالی اور اچھی حکمرانی کے فروغ میں اس ادارے کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریجنل آفس مستقبل میں بھی عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گا۔

Comments are closed.