وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے
کوالالمپور۔5اکتوبر وزیراعظم محمد شہباز شریف ملائیشیا کے سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق کوالالمپور کے بنگا رایا بین الاقوامی ایئرپورٹ پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات /کمیونیکیشنز فہمی فاضل ، ملائشیا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول میں ان کی رہائش پر لایا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی رہائش آمد پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں ملائیشیا آمد پر خوش آمدید کہا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملائیشیا آ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے ، پر تپاک استقبال پر ملائیشیا کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہا کہ اس دورے سے پاکستان ، ملائیشیا دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹرمحمداسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔وزیراعظم پاکستان ، ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کی دعوت پر ملائیشیا کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم محمدشہبازشریف اپنے دورے کے دوران ملائیشیا کے وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہو گی۔دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ دونوں رہنما تجارت، آئی ٹی اور ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر بھی غور کریں گے۔ عوام سے عوام کے روابط بڑھانے کے لئے نئے تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر گفتگو ہوگی ۔ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے
Comments are closed.