وزیراعظم شہباز شریف کا اساتذہ کے عالمی دن پر پیغام

19

اسلام آباد۔5اکتوبر :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوموں کی تعمیر میں اساتذہ کرام کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی ترجیح ہے کہ ملک میں تعلیمی نظام کو موثر اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ ہماری نئی نسل دنیا کے علمی و فنی میدان میں مقابلہ کر کے ملک کا نام روشن کر سکے، نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں اساتذہ، والدین اور معاشرے کا بحیثیت مجموعی مثبت اور تعمیری کردار ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور بہترین مستقبل کا ضامن ہوتا ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اساتذہ کے عالمی دن پر پاکستان دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر دنیا بھر کےاساتذہ کو خراج عقیدت اور ان کی گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر اساتذہ کے لیے دن مختص کرنا ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے اساتذہ کی خدمات کے اعتراف کا موقع فراہم کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے دن بالخصوص پاکستان کے طول و عرض میں بے لوث خدمات سر انجام دینے والے اساتذہ کو حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی طرف سے بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال 2025 میں اساتذہ کا عالمی دن ”تدریس کو ایک باہمی تعاون اور مشترکہ پیشہ“ کے طور پر اجاگر کرنے کے عنوان سے منایا جا رہا ہے جس کا مقصد دنیا بھر کے تمام اساتذہ، درسگاہوں اور تعلیمی نظام میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بہترین و جدید تدریسی نظام ہی ملک و قوم کی انفرادی اور اجتماعی استعداد کار میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ حکومتی نظام، پالیسیوں میں بہتری کا باعث بن سکتا ہے۔ قوموں کی بحیثیت مجموعی تعمیر و ترقی اور کسی بھی ملک کی نسلوں کی انفرادی تعلیم و تربیت میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملکوں کی افرادی قوت کی علمی و فنی صلاحیتوں کا دارومدار اس کی ذہنی نشوونما اور عقل و شعور کے معیار پر ہوتا ہے جس کو نکھارنے میں اساتذہ کی محنت فیصلہ کن حیثیت رکھتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ترجیح ہے کہ پاکستان میں تعلیمی نظام کو موثر اور جدید دور کے تقاضوں کے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ ہماری نئی نسل دنیا کے علمی و فنی میدان میں مقابلہ کر کے ملک کا نام روشن کر سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں اساتذہ، والدین اور معاشرے کا بحیثیت مجموعی مثبت اور تعمیری کردار ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور بہترین مستقبل کا ضامن ہوتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جہاں اساتذہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور شاگردوں اور نئی نسل کی طرف اپنے فرائض کو بااحسن سرانجام دے رہے ہیں وہیں مجموعی طور پر معاشرے کا یہ فرض العین ہے کہ اساتذہ کی عزت و تکریم اور معاشرے میں احترام میں کسی طور بھی کوئی کمی نہ ہو۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اساتذہ کی فنی استعداد میں اضافہ اور ان کی معاشی آسودگی کا خیال رکھنا حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اساتذہ کو فرائض کی انجام دہی میں معاونت کے ساتھ ان کے حقوق کی حفاظت بھی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اساتذہ کے حقوق و فرائض کے تحفظ کے لیے نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر مجموعی کاوشوں اور تعاون کی ضرورت ہے تاکہ عالمی سطح پر اس طبقے کو موثر بناتے ہوئے دنیا کے تابندہ و روشن مستقبل کی بنیاد کو مضبوط کیا جا سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ممالک کے درمیان اساتذہ کے تبادلے اور شاگردوں کی عالمی درسگاہوں میں مشترکہ پروگرام میں شرکت ایک خوش آئند عمل ہے جس کے فروغ کے لئے کام کرنا چاہئے۔

Comments are closed.