وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی مولانا قاضی نثار احمد پر حملے کی شدید مذمت، اعلی سطح تحقیقات کا حکم
اسلام آباد – وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے ممتاز عالم دین مولانا مولانا قاضی نثار احمد پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ بیرون ملک سرکاری دورے کے دوران اطلاع ملنے پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے فوری طور پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، چیف سیکریٹری اور آئی جی گلگت بلتستان سے رابطہ کیا اور ابتدائی تحقیقات معلوم کیں۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا قاضی نثار احمد ایک ممتاز اور قابل احترام دینی و عملی شخصیت اور اہل سنت والجماعت گلگت بلتستان و کوہستان کے امیر ہیں۔ ان پر حملہ پورے علاقے کے امن پر حملہ ہے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے یقین دلایا ہے کہ ملزمان کو جلد ازجلد گرفتار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے تاکہ مرتکب عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ملے۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر اس گھناؤنے جرم میں ملوث ہیں وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اس گھناؤنے جرم کے خلاف عوامی اتحاد کا مظاہرہ لائق تحسین ہے۔ دہشت گرد عناصر کے خلاف عوام کا اتحاد ہی ہماری طاقت ہے۔
انہوں نے مولانا قاضی نثار احمد کی جانب سے زخمی حالت میں بھی عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ مولانا قاضی نثار احمد کی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ امن برقرار رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
انجینئر امیر مقام نے مولانا قاضی نثار احمد اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
Comments are closed.