میر آفتاب خان کا تحصیل سوئی اور ڈیرہ بگٹی میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی تشخیصی مہم کا افتتاح

16

ڈیرہ بگٹی (نامہ نگار) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے چھوٹے بھائی میر آفتاب خان بگٹی نے تحصیل سوئی اور ڈیرہ بگٹی میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی تشخیصی مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں ایم این اے سبی میاں خان بگٹی، وڈیرہ شاہ مراد خان، ٹاؤن چیئرمین عزت اللّٰہ امان کے علاوہ محکمہ صحت کے افسران، مقامی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی شریک تھے۔

افتتاح کے بعد میر آفتاب خان نے انڈس ہسپتال سوئی کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اسپتال انتظامیہ نے انہیں علاج معالجے کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

میر آفتاب خان نے موقع پر طبی سہولیات میں مزید بہتری کے لیے احکامات جاری کیے اور کہا کہ عوام کو بنیادی و معیاری صحت کی خدمات فراہم کرنا حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی جیسی خطرناک بیماریوں کے خاتمے کے لیے آگاہی، بروقت تشخیص اور مفت علاج ناگزیر ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ اس مہم سے بھرپور استفادہ کریں تاکہ صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

Comments are closed.