ڈگری گرلز کالج لورالائی ربابہ خان میں خواتین سٹاف کے لیے بے بی ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح
وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بچوں کی بہتر نشوونما اور خواتین کے لیے محفوظ و معاون ماحول کی فراہمی ترقی یافتہ معاشروں کی بنیاد ہے۔
یہ بات انہوں نے ڈگری گرلز کالج لورالائی میں خواتین عملے کے لیے قائم بیبی ڈے کیئر سینٹر کے افتتاح کے
موقع پر کہی۔
ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ ڈے کیئر سینٹر کا قیام خواتین ملازمین کے لیے سہولت، تحفظ اور ذہنی سکون کا باعث بنے گا۔ اس اقدام سے خواتین اساتذہ اور دیگر عملہ اپنے بچوں کی بہتر نگہداشت کے ساتھ تدریسی و انتظامی ذمہ داریاں زیادہ توجہ اور اعتماد کے ساتھ انجام دے سکیں گی۔
افتتاحی تقریب کے دوران حکام نے ڈاکٹر ربابہ بلیدی کو ڈے کیئر سینٹر کی سہولیات اور نظام کار سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے ادارے کے احاطے میں پودا لگایا اور صوبے و ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ایسے اقدامات کو فروغ دے رہی ہے جو خواتین کو معاشی و سماجی طور پر خودمختار بنائیں۔ ورک پلیس ڈے کیئر مراکز نہ صرف خواتین کے بوجھ کو کم کرتے ہیں بلکہ انہیں اپنے
بچوں کے محفوظ ماحول میں ہونے کا یقین دلاتے ہیں۔
ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ بچوں کی معیاری نگہداشت اور تربیت کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلیں باشعور، باصلاحیت اور پُراعتماد شہری بن سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے بغیر معاشرتی ترقی ناممکن ہے، اسی لیے حکومت بلوچستان خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
Comments are closed.