بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم مکمل، ہزاروں لیٹر ملاوٹی دودھ اور دہی تلف
کوئٹہ، 2 اکتوبر 2025 :
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹی دودھ اور ناقص ڈیری مصنوعات کے خلاف شروع کی جانے والی خصوصی مہم اپنے اختتام کو پہنچ گئی۔ یہ مہم 10 ستمبر سے 30 ستمبر تک جاری رہی، جس کے دوران کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر چیکنگ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق مہم کے دوران 288 ملک شاپس اور 256 دودھ بردار گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس دوران 83 ہزار 173 لیٹر دودھ اور ہزاروں کلو دہی کے سیمپلز حاصل کرکے موبائل لیبارٹریز میں موقع پر ہی ٹیسٹ کیے گئے۔
لیبارٹری رپورٹس کے مطابق دودھ اور دہی میں پانی اور خشک پاؤڈر کی ملاوٹ کی نشاندہی ہوئی۔ اس کے نتیجے میں کارروائی کے دوران 4785 لیٹر ناقص دودھ اور 2421 کلو دہی تلف کر دی گئی۔ مزید برآں، قوانین کی خلاف ورزی پر 11 دکانیں سیل جبکہ 90 ملک شاپس اور 8 دودھ بردار گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ:
> “عوام کو خالص اور محفوظ خوراک کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔ کسی کو عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملاوٹ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں دن رات عوامی صحت کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں اور یہ مہم اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت عوام کو معیاری اور محفوظ غذائی اشیاء کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر خوراک نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکوک اور غیر معیاری خوراک کی نشاندہی میں فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں تاکہ ملاوٹ کے ناسور کو ختم کیا جا سکے۔
Comments are closed.