وزیراعلیٰ بلوچستان: کرپشن دہشت گردی سے بڑا چیلنج، ریاست مخالف پروپیگنڈا صرف قومی یکجہتی سے ناکام بنایا جا سکتا ہے
کوئٹہ (پریس ریلیز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کرپشن صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور اس ناسور کے خاتمے کے بغیر گورننس اور ترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ وہ جمعرات کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر زیر تربیت افسران سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرپشن دہشت گردی سے بڑا چیلنج ہے اور اس کا خاتمہ قومی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، ایمانداری اور خلوص کو شعار بنائیں اور عوامی خدمت کے جذبے کو اپنی ذمہ داری بنائیں۔
انہوں نے آئین کے آرٹیکل 5 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو ریاست سے غیر مشروط وفاداری کا درس دیا گیا ہے، لہٰذا ہر شعبہ زندگی میں ایمانداری کو اپنانا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے بارے میں دنیا کو پیش کی جانے والی منفی تصویر حقیقت سے مختلف ہے۔ غیر متوازن ترقی دہشت گردی کو سہارا ضرور دیتی ہے لیکن یہ اس کی اصل بنیاد نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اور اس کا مقابلہ یکسوئی، عزم اور قومی اتحاد کے ساتھ کرنا ہوگا۔ مسنگ پرسنز کے ایشو کو ریاست مخالف عناصر پروپیگنڈا کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، جسے صرف قومی یکجہتی اور باہمی اعتماد کے ذریعے ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ ریاست سب سے مقدم ہے اور حکومت ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ تقریب کے آخر میں وزیراعلیٰ نے تربیت مکمل کرنے والے افسران میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور نیپا کوئٹہ میں یادگاری پودا لگایا۔
Comments are closed.