اسلام آباد میں جاپان کے سفارتخانے کا کلچرل ایکسچینج پروگرام، NUML کے طلبہ نے جاپانی روایات کا عملی تجربہ حاصل کیا

17

اسلام آباد، 2 اکتوبر (پریس ریلیز):
جاپان کے سفارتخانے اسلام آباد نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML) کے طلبہ کے لیے ایک شاندار ثقافتی تبادلہ پروگرام کا انعقاد کیا، جس کا مقصد جاپانی زبان سیکھنے والے طلبہ کو روایتی جاپانی ثقافت سے روشناس کرانا اور عوامی روابط کو مزید مستحکم بنانا تھا۔

اس موقع پر ڈپٹی ہیڈ آف پبلک افیئرز، مس اُرا مامیکو نے طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی زبان اور ثقافت سے دلچسپی دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے کا ذریعہ ہے۔

پروگرام میں تین دلچسپ اور عملی سرگرمیاں شامل تھیں:

روایتی لباس: طلبہ کو جاپانی روایتی لباس کِمونو اور یوکاتا کے بارے میں آگاہ کیا گیا، جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب تین طلبہ نے یوکاتا پہننے کا عملی مظاہرہ کیا۔

جاپانی خطاطی (شودو): طلبہ نے جاپانی کانجی حروف لکھنے کی مشق کی اور اس قدیم فن کا عملی تجربہ حاصل کیا۔

کھانے کے آداب اور چاپ اسٹک مقابلہ: طلبہ کو جاپانی کھانے کے آداب سکھائے گئے اور بینز کو چاپ اسٹک کے ذریعے پلیٹ سے پلیٹ میں منتقل کرنے کا دلچسپ مقابلہ ہوا۔ کامیاب طلبہ کو یادگاری تحائف دیے گئے۔

اختتامی کلمات میں مس مامیکو نے کہا کہ یہ ثقافتی تبادلہ نوجوانوں کے لیے جاپان اور پاکستان کے درمیان دوستی کو مضبوط بنانے کی سفارتخانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

شرکاء نے اس پروگرام کو شاندار موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تجربہ جاپانی ثقافت کو قریب سے سمجھنے اور براہِ راست سیکھنے کے لیے ایک ناقابلِ فراموش لمحہ رہا۔

Comments are closed.