ڈپٹی کمشنر استا محمد کا پریس کلب کا دورہ، عمارت کی مرمت اور سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی
استا محمد (رپورٹ: عبداللہ مگسی):
ڈپٹی کمشنر استا محمد عبدالرزاق خجک نے استا محمد پریس کلب رجسٹرڈ کا دورہ کیا اور خستہ حال عمارت کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر علی حسن ڈومکی سمیت سینئر صحافیوں سے ملاقات کی گئی۔
صحافی برادری نے ڈپٹی کمشنر کو پریس کلب کی عمارت کی زبوں حالی، سہولیات کی کمی اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر تحصیلدار استا محمد علی گوہر مگسی، زبیر احمد قریشی اور بابو عبدالرحمن دیناری بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے مسائل کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کی عمارت کی فوری مرمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحافت معاشرے کا چوتھا ستون ہے اور جمہوری اقدار کے استحکام میں صحافی برادری کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحافیوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرسکیں۔
دورے میں چاکر خان دیناری، محمد حنیف بلوچ، عبداللہ مگسی، محمد رفیق پندرانی، قربان علی چہوان، سونا جمالی، عبد الفتاح رند، غازی خان تینہ، عابد علی، وحید علی اور دیگر صحافی بھی موجود تھے۔ صحافیوں نے ڈپٹی کمشنر کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صحافت کے فروغ اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
Comments are closed.