بلوچستان اسمبلی کا اقدام: اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے سریاب پولیس کے ضبط شدہ بیج واپس کرنے اور باگڑی قبیلے کو تحفظ دینے کی ہدایت جاری کر دی

18

کوئٹہ، یکم اکتوبر 2025:
بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عوامی مسائل پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید بادینی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ باگڑی قبیلے کے افراد، جو موسمی بنیادوں پر کوئٹہ میں محنت مزدوری کرتے ہیں، سریاب پولیس کی کارروائی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

عبدالمجید بادینی نے بتایا کہ قبیلے نے خربوزے اور تربوز کی کاشت کے لیے تقریباً 19 لاکھ روپے کے بیج خریدے تھے، مگر پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران یہ بیج ضبط کر لیے اور الزام لگایا کہ یہ دھماکہ خیز مواد بنانے میں استعمال ہو سکتے ہیں۔ اس غیر منصفانہ اقدام سے قبیلے کی واحد روزی روٹی خطرے میں پڑ گئی۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح ہدایت دی کہ متاثرہ قبیلے کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور ضبط شدہ بیج و رقم فوری طور پر واپس کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر شہری کو بلا امتیاز یکساں تحفظ حاصل ہو۔

اجلاس میں ارکان اسمبلی عبدالمجید بادینی، علی مدد جتک، خیر جان بلوچ اور میر زابد علی ریکی نے بھی شرکت کی۔ تمام اراکین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی مسائل پر اسمبلی کا بروقت نوٹس لینا حوصلہ افزا ہے اور متاثرہ افراد کو فوری ریلیف دیا جانا چاہیے۔

Comments are closed.