ظہور احمد بلیدی کا گیشکور ڈیم کا معائنہ، تربت کو روزانہ 17 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم ہوگا
عسکر . رپورٹ
تربت/سامی، یکم اکتوبر: صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے اپنے حلقہ کیچ کے علاقے سامی میں زیر تعمیر گیشکور ڈیم کے مقام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایریگیشن حکام نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گیشکور ڈیم بلوچستان کا ایک میگا ترقیاتی منصوبہ ہے جس کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 95 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
ڈیم کی لمبائی 1,082 میٹر، اونچائی 55 میٹر اور اسپل وے ڈیزائن ڈسچارج کی گنجائش 12,687 کیومیکس ہے۔ یہ بلوچستان کے جنوبی اضلاع کا دوسرا سب سے بڑا ڈیم ہوگا، جو تربت شہر کو روزانہ 17 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم کرے گا اور 13 ہزار ایکڑ زرعی رقبہ سیراب کرے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ پائیدار آبی وسائل کے انتظام، غذائی تحفظ اور مکران ڈویژن کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ منصوبے کی تکمیل سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور آئندہ نسلوں کے لیے دیرپا فوائد یقینی ہوں گے۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، وزیراعلیٰ کی مشیر مینا مجید بلوچ، پارلیمانی سیکرٹری میر اصغیر رند، حاجی برکت رند، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ زاہد سلیم، سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو لال جان جعفر، سیکریٹری صحت مجیب پنیزئی، چیف انجینئر ڈاکٹر سجاد بلوچ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے ممتاز ماہرِ طبیعیات پروفیسر ڈاکٹر پرویز ہودبھائی کی موجودگی کو بلوچستان کے لیے اعزاز قرار دیا۔
Comments are closed.