پنجاب میں گورننس میں بہتری کی ضرورت ہے، وزیراعظم
لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں امن وامان اور گورننس کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، سرکاری افسران کسی سیاسی شخصیت کا کوئی بھی ناجائز کام ہرگز نہ کریں،ہمیں نئے پاکستان میں پرانی سوچ کو تبدیل کرنا ہے، نئے پاکستان میں اب پرانا نظام نہیں چل سکتا، پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے اس کے لیے معاشی استحکام ضروری ہے، معیشت کے استحکام پر معاشی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، معاشی ترقی کے لیے قابل بیوروکریسی کا بہت اہم کردار ہے۔ہفتہ کو وزیراعظم عمران خان دورے پر لاہور پہنچے۔ ان کے ہمراہ زلفی بخاری، فردوس عاشق اعوان اور شہزاد اکبر بھی تھے۔ وزیر اعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایوان وزیراعلی میں ملاقات کی۔وزیراعظم سے نئے چیف سیکریٹری پنجاب اعظم سلیمان اور نئےآئی جی پنجاب شعیب دستگیر سے ملاقات کی۔ بعدازاں ان کی زیر صدارت پنجاب کی بیوروکریسی و پولیس افسران کا ہوا جس میں وزیر اعظم عمران خان نے نئی تعیناتیوں پر افسران کو مبارکباد دی۔وزیر اعظم نے پنجاب میں تھانہ کلچر کی تبدیلی کے لئے سفارشات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان ومال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے، 1960 کی دہائی میں پاکستان کی گورننس، بیوروکریسی اور پالیسیوں کی مثالیں دی جاتی تھیں، ہم نے افسران کو ہر قسم کے سیاسی دبا سے آزاد کیا ہے، اسی لیے بیوروکریسی اور دیگر عہدوں پر تعیناتیاں میرٹ پر کی ہیں، افسر کا کام کمزور کو طاقتور کے خلاف تحفظ فراہم کرنا ہے، افسران کو کسی سیاسی شخصیت کا کوئی بھی ناجائز کام ہرگز نہیں کرنا۔عمران خان نے کہا کہ ہمیں نئے پاکستان میں پرانی سوچ کو تبدیل کرنا ہے، نئے پاکستان میں اب پرانا نظام نہیں چل سکتا، پنجاب میں امن وامان اور گورننس کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، افسران بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام پر خصوص توجہ دیں، ہم افسران کی مدت ملازمت کو تحفظ فراہم کریں گے، غریب آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے کوشش کریں گے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے جس کے لیے معاشی استحکام ضروری ہے، معیشت کے استحکام پر معاشی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، معاشی ترقی کے لیے قابل بیوروکریسی کا بہت اہم کردار ہے۔