اسلام، پاکستان اور عوام کو بچانے نکل چکے ، مولانا فضل الرحمن

0 30

سکھر: جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانافضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام، ملک اور عوام کو بچانے نکل چکے ہیں ، اب پیچھے ہٹنا گناہ کبیرہ ہوگا ،آزادی مارچ اسلام آباد میں داخل ہوگا اور ایوان میں بیٹھے حکمرانوں کو بہا لے جائے گا، جبر کی بنیادپر عوام

پر حکومت نہیں کی جاسکتی ،ظالموں سے قوم کو نجات دلانے کیلئے نکلے ہیں ،ہمیں ان سے سیاسی جنگ کرنی ہے جس کا طبل بج چکا ہے،آپ اور ہم آخری منزل حاصل کرکے ہی دم لیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادی مارچ سکھر پہنچنے پر پیر کو گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پیر کو اپوزیشن جماعتوں کا آزادی مارچ سکھر سے روانہ ہوگیا اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کنٹینر پر پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو اورناصر حسین شاہ بھی موجودہیں،امیرجے یو آئی(ف)مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ میں اپوزیشن جماعتوں کا خیرمقدم کرتا ہوں جو آزادی مارچ میں ہمارے ساتھ کھڑی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ آئین پاکستان کو دیپاچہ اور بچوں کا کھیل بنا دیا گیا ہے ،ہم ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرناچاہتے ہیں ،ہم آئین ،جمہوریت اور اسلام کےلئے نکلے ہیں ،ہمیں سیاسی جنگ لڑنی ہے،سیاسی جنگ کا طبل جنگ بچ چکا ہے ،ہم پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ۔موجودہ جابر اور ناجائز حکومت عوام کی نمائندہ حکومت نہیں ہوسکی اور نہ ہی جبر کی بنیاد پر عوام پر حکومت کی جاسکتی ہے ۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ انسانوں کا سیلاب اسلام آباد جارہا ہے اور یہ بڑے طوفان کی صورت میں وفاق میں داخل ہوگا اور ایوان پر مسلط حکمرانوں کو بہا کر لے جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں ، عوام ہم سب متفق ہیں کہ موجودہ ناجائز حکومت کو ہر صورت گھر جانا ہو گا ۔کسان ، مزدور ، تاجر ، چھابڑی والا ،دکاندار ، وکیل اور صحافی سمیت ہر ایک شخص ظلم و جبر کی حکومت کومحسوس کررہا ہے اور میں پاکستان کے عوام سے کہنا چاہتاہوں کہ یہ ناجائز حکمران پاکستان کی کشتی کو ڈبو رہے ہیں ، معیشت کو تباہ کررہے ہیں ،میڈیا پر قدغن لگا رہے ہیں ، میڈیا کی آزادی کو سلب کردیا گیا ، پیمرا نے ایک نیا قانون جاری کیا ہے کہ جس کے تحت ایک اینکر ،صحافی یا تجزیہ کار ایک ہی وقت میں صرف ایک ٹی وی چینل پر بیٹھ سکتا ہے۔

یہ آزادی صحافت پر تلوار چلانے کے مترادف ہے ، میں میڈیا ، صحافیوں اور میڈیا مالکان سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ بھی باہر نکلیں اور ان حکمرانوں کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں ۔انہوں نے کہاکہ جابر حکمرانوں نے کشمیر کے مسئلے کو گھمبیر کردیا ہے اور اب کشمیر پر مگر مچھ کے آنسو بہائے جارہے ہیں ، ان حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کردیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم پراعتماد طریقے سے اسلام، پاکستان اور جمہوریت کو بچانے نکلے ہیں اب ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے کیونکہ پیچھے ہٹنا گناہ کبیرہ ہے ۔ہمیں ان ظالم و جابر حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.